سانحہ ماڈل ٹاؤن: انصاف کے لیے جان بھی دیں گے‘ عوامی تحریک
لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سپریم کورٹ کی جانب سے ماڈل ٹاؤن سانحے کی از سر نو تحقیقات کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیے جانے کے بعد کہا ہے کہ معاملے میں انصاف ملنے کی مکمل امید ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری خود عدالت میں پیش ہوئے اور کیس سے متعلق دلائل دیے۔
سماعت کے بعد عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عدالت عظمیٰ میں ہونے والی کارروائی اطمینان بخش ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف ضرور ہوگا۔
عدالت کے باہر موجود پارٹی کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک سپریم کورٹ پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس کیس کی خاطر ہمیں زندگی بھی صرف کرنی پڑی تو دریغ نہیں کریں گے۔