کرپٹ پیپلز پارٹی نے کراچی کو کھنڈر بنا دیا‘ شوکت یوسفزئی
پشاور: کے پی کے حکومت کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کی غذر میں تقریر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین ابھی سیاست سیکھنے کے مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول لکھی ہوئی تقریر سے ہٹ کر کوئی بات کریں گے تو کوئی بھی اسے سنجیدہ نہیں لے گا۔ صوبائی حکومت پر بلاول کی تنقید کے جواب میں شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں اپنی کرپشن کو دیکھ لے، جس کے نتیجے میں شہر قائد ایک کھنڈر کی صورت پیش کررہا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر اطلاعات نے زرداری خاندان کی کرپشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اقتدار کی منزل دھاندلی سے حاصل کی، جیسے جیسے شریف خاندان کا احتساب تیز ہورہا ہے، ویسے ہی زرداری خاندان بھی پریشان ہے اور اس کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا دارالحکومت کراچی پیپلزپارٹی کی حکومت کی کرپشن کی وجہ سے تباہ ہو چکا ہے۔ تھر میں خوراک اور پانی کی قلت سے مرنے والے بچوں کی سسکیاں بلاول کو سنائی نہیں دیتیں؟