اجیت ڈوبھال پر سی بی آئی افسر کے سنگین الزامات
نئی دہلی۔۔۔سی بی آئی میں جاری داخلی تنازع ختم ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔ سی بی آئی کے ایک اور افسر منیش کمار سنہا نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ سنہا نے الزام لگایا کہ گرفتار تاجر منوج پرساد نے قومی سلامتی کے مشیراجیت ڈوبھال اور مرکزی وزیر ہری بھائی پارتھی بھائی چودھری اور سی وی سی کیوی چودھری کا نام لے کر راکیش استھانہ کے خلاف تحقیقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔اس معاملہ پر چودھری نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔سی بی آئی اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانہ کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کر نیوالےسنہا نے عدالت سے اپیل کی کہ ان کی ناگپور ٹرانسفرکی کارروائی مسترد کی جائے۔ ساتھ ہی سنہا نے اپنی درخواست میں استھانہ کے خلاف درج ایف آئی آر پر ایس آئی ٹی سے جانچ کا مطالبہ کیا۔2000 بیچ کے آئی پی ایس افسر منیش کمار نے 30 صفحات پر مشتمل درخواست میں الزام لگایا کہ تاجرمنوج پرساد نے تحقیقات کے دوران کہا تھا کہ اس کے والد کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔واضح ہو کہ 16 اکتوبر کو سی بی آئی نےمنوج پرساد کورشوت کیس میں گرفتار کیا تھا۔منوج پرساد کو ایک اور تاجر ستیش بابو سنا سے 5 کروڑ کی رشوت طلب کرنے کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔