میسنجر میں بھیجے گئے پیغام کو ڈیلیٹ کرنے کی سہولت فراہم
فیس بک میسنجر میں بھیجے گئے پیغام کو ان سینڈ کرنے کے لیے فیچر متعارف کرادیا گیا ہے۔فیس بک کی جانب سے اس فیچر کو ریموو فار ایوری ون نام دیا گیا ہے اور اسے ابتدائی طور پر چند ممالک میں پیش کر دیا گیا ہے اور کچھ ہی عرصے میں اسے دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ فیچر سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم رکھنے والے صارفین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔فیچر کی مدد سے بھیجے گئے میسج کو دس منٹ کے اندر ڈیلیٹ کیا جا سکے گا البتہ وصول کنندہ کو یہ نظر آئے گا کہ پیغام ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ پیغام کو دبا کر رکھنا ہوگا اور پھر ریموو بٹن پر کلک کرنا ہوگا، جس پر ریموو فار ایوری ون یا ریموو فار یو کے آپشن سامنے آئیں گے، جس میں سے ریموو فار ایوری ون پر کلک کرنا ہوگا۔فیس بک میسنجر میں یہ ان سینڈ میسج کچھ وقت کے لیے محفوظ رہے گا تاکہ وہ کمپنی کی پالیسی کی خلاف ورزی کی روک تھام کرسکے۔واضح رہے واٹس ایپ کے علاوہ فیس بک کی زیرملکیت ایک اور ایپ انسٹاگرام میں بھی ان سینڈ کا فیچر موجود ہے۔