Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں ای سروسز کا آغاز 2004 میں ہوا ، معاون وزیر داخلہ برائے ٹیکنالوجی

سعودی عرب کی آبادی 3 کروڑ 32 لاکھ سے زائد ہو چکی ، ابشر سروس 2010 میں شروع کی گئی ، ماہ رواں نئی ابشر سروس " حکومت سے حکومت کا رابط " شروع کی جائےگی، شہزادہ بندر بن عبداللہ آل سعود کا سیمینار سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) معاون وزیر داخلہ برائے ٹیکنالوجی شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبداللہ نے کہا ہے کہ مملکت کی آبادی 3 کروڑ32 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے جس میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 30.25 ملین ہے ۔ وہ جدہ کے ریٹز کارلیٹن ہوٹل میں منعقد ہ انڈسٹریل سیکیورٹی کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جو مختلف حکومتی اداروں کے تعاون سے منعقد کیا گیا ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ ڈاکٹر بند ربن عبداللہ المشاری نے مزید کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح مملکت میں بھی حکومتی سطح پر انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہوئے مختلف اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ۔ وزارت داخلہ نے ذیلی اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو بہتر کرنے اور لوگوں کو تیز رفتار سہولتیں فراہم کرنے کےلئے مختلف پروگرامز جاری کئے جن میں " ابشر اور مقیم " سروس سرفہرست ہے ۔ مذکورہ سروسز کے ساتھ ہی ان اداروں کو انٹر نیٹ کے ذریعے مرکزی سسٹم سے مربوط کیا گیا جس سے تمام ڈیٹا یکجا کرنے میں سہولت ہوئی ۔ معاون وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایک سروے کے مطابق مملکت میں اس وقت سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی تعداد 23.66 ملین ہے ۔ مملکت میں کئی دیگر شعبوں میں بھی انٹرنیٹ کے استعمال کو فروغ دیا گیا جس سے جہاں ترقی کے نئے درکھلے وہاں لوگوں کو سہولت بھی ملی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت داخلہ کا ڈیجیٹل ادارہ بہتر طور پر کام کررہا ہے ۔ شہزادہ بندر نے مزید کہا کہ مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کا آغاز 1997سے ہو ا اور موبائل فون 1996 میں آیا ۔ حکومتی اداروں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرنے کا آغاز 2004 میں کیا گیا جس کے ذریعے مملکت میں ای سروسز شروع کی گئی ۔ وزارت حج و عمرہ کی خدمات کو سب سے پہلے حکومتی سطح پر انٹرنیٹ سے منسلک کیا گیا ۔ 2008 میں امیگریشن سروسز کو ڈیجیٹلائز کیا گیا اور فنگر پرنٹنگ کا آغاز 2009 میں ہوا جبکہ ابشر سروس 2010 میں شروع کی گئی ۔ انٹر نیٹ کے استعمال کو محفوظ بنانے کےلئے نیشنل ڈیجیٹل سیکیورٹی سسٹم کا آغاز 2017 سے کیا گیا ۔ شہزادہ بندر بن عبداللہ نے مزید کہا کہ " ابشر " سروس میں ایک نئی خدمت کا اضافہ امسال کیا جائے گا جو حکومت کا حکومت سے رابطہ ہو گا جس سے کافی سہولت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائبر کرائم کنٹرول ادارے کو بھی موثر بنانے کے لئے عالمی ادارے کے ساتھ روابط ہیں ۔ واضح رہے شہزادہ ڈاکٹربندر بن عبداللہ آل سعودنے الیکٹرانک انجیئنرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور وہ وزارت داخلہ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے ذمہ دار اورمعاون وزیر داخلہ ہیں۔ قبل ازیں شہزادہ بندر نے ریٹز کارلٹن ہوٹل میں منعقدہ نمائش میں اسٹالز کا دورہ کیا جن میں وزارت داخلہ کے شعبہ امن عامہ ، آرامکو، سعودی ٹیلی کام ، بجلی اور دیگر اداروں نے اسٹالز لگائے تھے ۔ معاون وزیر داخلہ نے بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی دیں ۔ نمائش میں سب سے بڑا اسٹال ادارہ امن عامہ کا لگایا گیا تھا جہاں مختلف اسلحہ کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے لئے استعمال کئے جانے والے آلات کی بھی نمائش کی گئی ۔ آرامکو کے اسٹال پر لوگوں کو ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کے خطرات سے آگاہ کرنے کےلئے خصوصی انتظام کیا گیا تھا ۔

شیئر: