الجوف.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے الجوف ریجن میں839 ملین ریال لاگت سے فراہمی و نکاسی آب کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ انہوں نے628ملین ریال کی لاگت سے سڑکوں کے 20منصوبوں اور 310926901ریال لاگت سے صحت کے 21منصوبوں کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان الجوف کے دورے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب تبوک سے الجوف پہنچے تھے۔ الجوف میں اسپیشلسٹ ترقی یافتہ ہیلتھ سینٹرز قائم کئے جائیں گے جبکہ پہلے سے موجود اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ آبی منصوبوں سے الشقیق قریہ میں واقع حاجی کیمپ کو فائدہ پہنچے گا۔ علاوہ ازیں الاضارع ، الردیفہ، دومتہ الجندل، القریات، سکاکا اسکے قریوں کے باشندوں کو نکاسی و فراہمی آب کے ان منصوبوں سے فائدہ ہوگا۔ وزارت نقل و حمل الجوف میں نہ صرف یہ کہ بعض نئی سڑکیں تعمیر کرائیگی بلکہ کئی سڑکوں کو دو رویہ بھی کیا جائیگا۔ ثانوی درجے کی سڑکیں بھی بنائی جائیں گی۔سڑکوں کے منصوبوں میں زرعی راستے بھی شامل ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے دورہ الجوف کے موقع پر قرضے ادا نہ کرنے کے باعث قید و بند کی صعوبتیں گزارنے والے مقامی قیدیوں کی رہائی کا حکم بھی جاری کردیا۔ شاہی فرمان کے بموجب ایسے تمام قیدی جن پر 10لاکھ ریال تک کا قرضہ ہوگا اور ان پر فوجداری کا مقدمہ نہیں ہوگا انہیں قرضے سرکاری خزانے سے ادا کرکے رہا کردیا جائیگا۔