28 لاکھ ریال کا فراڈ کرنے والے 10 غیر ملکی گرفتار
اتوار 12 جنوری 2025 14:21
’گاہکوں کو اصلی سونے کے بسکٹ دکھاتے اور جعلی سونا فروخت کرتے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے 31 کارروائیوں میں لوگوں کو بے وقوف بنا کر 28 لاکھ ریال کا فراڈ کرنے والے 10 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان پاکستانی تارکین ہیں‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ گروہ نے متاثرہ افراد کو دھوکہ دے کر جعلی سونے کے بسکٹ فروخت کئے ہیں‘۔
’گروہ کے افراد سادہ لوح عوام کو باور کراتے تھے کہ ان کے پاس سونے کے بسکٹ ہیں جنہیں وہ فروخت کرنا چاہتے ہیں‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’اس مقصد کے لیے وہ پہلے پہل اپنے گاہکوں کو اصلی سونے کے بسکٹ دکھاتے تھے اور پیسے وصول کرنے کے بعد جعلی سونا فروخت کرتے تھے‘۔
’گروہ کے ٹھکانے کی تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ ان کے پاس جعلی سونے کے بسکٹ ڈھالنے کے آلات اور اوزار ہیں‘۔