اتوار 25نومبر 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے جریدے ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے جی ٹوئنٹی میں شرکت سے قبل عرب ممالک کے دورے کا آغاز متحدہ عرب امارات سے کردیا۔
سعودی عرب اسٹراٹیجک اتحاد اور مضبوط تعلقات کو اپنی غیر متزلزل پالیسی بنائے ہوئے ہے۔ سعودی عرب اسلامی ، عرب اور بین الاقوامی اثر و نفوذ کو اپنی سیاست کا اٹوٹ حصہ بنائے ہوئے ہے۔ سعودی عرب بین الاقوامی اقتصاد میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اسلامی عرب طاقت کا نمائندہ ہے۔ حرمین شریفین کی موجودگی اور سرپرستی کی بدولت مسلم دنیا کی آنکھوں کا تارا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے عرب ممالک کے دوروں سے عربوں کے ساتھ اس کے تعلقات کی گہرائی اور اثر و نفوذ اجاگر ہورہا ہے۔
مبصرین کا کہناہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دوروںسے اسٹراٹیجک شرکاءکے ساتھ خطے کے مسائل کی گتھیاں سلجھانے میں مملکت کے قائدانہ کردار پر تصدیق کی مہر ثبت ہورہی ہے۔ سعودی عرب علاقے کا توازن بحال کرنے ، امن برقرار رکھنے اور اسٹراٹیجک اتحاد کی تشکیل ، اتحاد و اتفاق کے مشن کی تقویت ، دہشتگردی کے انسداد اور معاملات کو انکے فریم میں رکھنے کی کوششوں کے ذریعے اپنا اقتصادی اور سیاسی رتبہ مضبوط کررہا ہے۔