آئیڈیاز 2018ءکا آغاز‘ کراچی میں سیکیورٹی سخت
کراچی: آئیڈیاز 2018ءکا آج سے کراچی میں آغاز ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہتھیار برائے امن دفاعی نمائش ایکسپو سینٹر میں پروقار انداز میں شروع ہوگئی جس میں 52 ممالک کے 260 مندوب شرکت کریں گے۔ 4 روزہ نمایش میں صدر پاکستان عارف علوی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہ بھی شریک ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق 27سے 30نومبر تک جاری رہنے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش میں مختلف سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں 14 ممالک اپنے دفاعی ساز و سامان کے ساتھ نمایش کا حصہ ہیں جبکہ 6 ملکوں کے ائر چیفس بھی نمایش میں شرکت کریں گے۔ نمائش میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی موجود ہے جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیارکردہ ڈرونز سمیت مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دفاعی نمائش میں ہونے والے معاہدوں میں ماضی کی نسبت اضافے کا امکان ہے۔ یہاں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے 500 سے زیادہ اسٹالز موجود ہیں جس سے پاکستان سمیت کئی ملکوں کے مابین دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں دفاعی نمائش کے حوالے سے ایکسپو سینٹر کا اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کےلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا تھا۔ ایکسپوسینٹر کے قریب چاروں جانب پاک فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔