ہند کے عوام ہاکی کے دلدادہ ہیں، پاکستانی گول کیپر عمران بٹ
جمعرات 29 نومبر 2018 3:00
بھوبنیشور:پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ کا کہنا ہے کہ ہم ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لئے تیار ہیں اور ہند میں بہترین نتائج حاصل کرکے وطن واپس لوٹیں گے۔ بھوبنیشور میں پاکستانی میڈیاسے بات کرتے ہوئے گول کیپر عمران بٹ نے کہا کہ 14 گھنٹے کا طویل سفر طے کرنے کے بعد لاہور سے بھوبنیشور پہنچے تھے جس کی وجہ سے فرانس کے خلاف پریکٹس میچ میں وہ کھیل پیش نہ کر سکے جس کی توقع کی جا رہی تھی تاہم اب کھلاڑی مکمل طور پر فٹ اور کسی بھی چیلنج کیلئے بھر پور تیار ہیں۔ ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے کھلاڑیوں کو خصوصی مشقیں کروائی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ہم اپنی خامیوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں بلکہ موسم اور ماحول سے بھی ہم آہنگ ہو چکے ہیں۔ایک سوال پر تجربہ کار گول کیپر کا کہنا تھا کہ ہند میں ہمیں کسی طرح کا کوئی خدشہ نہیں ہے، ہمیں یہاں بھر پور پروٹوکول مل رہا ہے، لوگ بھی ہاکی کے دلدادہ ہیں اور مہمانوں کی قدر جانتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور مضامین پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں