ٹیسٹ سیریز کیلئے بیٹسمینوں کو ٹنڈولکر کا مفید مشورہ
ممبئی:ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور کے مایہ ناز بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان اور بیٹسمینوں کو مشورہ دیا ہے کہ ابتدائی تینوں بیٹسمین پہلے 30 اوورز کے دوران محتاط بیٹنگ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مڈل آرڈر کو نئی گیند کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی وکٹوں پر اوپننگ جوڑی کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے لیکن دوسری جانب ہماری جیسی ٹیمیں وکٹوں کی تیزی اور اچھال کی وجہ سے مشکل میں رہتی ہیں اور اوپنرز کے بعد بعض اوقات تیسرے و چوتھے نمبر کے بیٹسمین کی باری بھی جلدآجاتی ہے۔ اس لئے اس قسم کی وکٹوں پر ایک سے 3 نمبر کے بیٹسمین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ 30 اوور تک ضرور وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کرے۔ ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے موقع پر بھی میں نے کہا تھا کہ ہمارے لئے پہلے40 اوور بہت اہم ہیں اور اس کے بعد گیند کی سختی ختم ہوجاتی ہے البتہ کچھ سوئنگ ضرور ہوتی ہے لیکن بیٹسمین خود کو ایڈجسٹ کرلیتے ہیں لیکن اگر گیند سخت ہوتو ایڈجسٹ ہونے کا وقت نہیں ملتا۔سابق کپتان کے مطابق اگر یہ حکمت عملی کامیابی سے اپنا لی گئی تو کوئی وجہ نہیں میزبان ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کیا جاسکے ۔ یاد رہے کہ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی فکر مند ہیں کہ مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز جیسے فاسٹ بولرز ان تیز وکٹوں پر ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں