ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان ملائیشیا کیخلاف اہم میچ کھیلے گا
بھوبنیشور: ہند میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان آج ملائیشیا کے خلاف اہم میچ کھیلے گا ، اس میچ میں کامیابی ہی پاکستانی ٹیم کے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے میں مددگار ہو سکتی ہے ۔ جرمنی کے خلاف پہلا میچ ہار جانے کے بعد پاکستان کے لئے یہ میچ جیتنا ضروری ہو گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھر پور ٹریننگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔کوچز پلیئرز کی فٹنس، گول کیپنگ اور پنالٹی کارنر کے شعبوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔گزشتہ روزپریکٹس سیشن کے دوران اسکواڈ کے کھلاڑیوںکی 2 ٹیمیں بنا کر آپس میں میچ بھی کھیلا گیا۔ہیڈ کوچ توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ جرمنی کے خلاف ناکامی کے بعد ملائیشیا کے ساتھ میچ ہمارے لئے بڑی اہمیت اختیار کر گیا ہے، کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ حریف ٹیم کو کمزور سمجھنے کی بجائے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں۔ جرمنی کے خلاف بھی ہم اچھا کھیلے تاہم گول کرنے کے مواقع ضائع ہونے کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میٹنگ میں بھی کھلاڑیوں پر واضح کردیاگیا ہے کہ وہ جرمنی کے خلاف شکست بھول کر صرف اور صرف ملائیشیا کے خلاف میچ جیتنے پر توجہ دیں۔ ادھر پاکستان ہاکی ٹیم کو ہند میں بھر پور پروٹوکول دیا جا رہا ہے، سخت سکیورٹی کے حصار میں کھلاڑی جہاں جاتے ہیں ، لوگوں کا جم غفیر اکٹھا ہو جاتا ہے اور شائقین پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفیاں بنانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں