ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد رینکنگ میں پاکستان کی تنزلی
دبئی :نیوزی لینڈ کے خلاف 2-1سے ٹیسٹ سیریز ہارجانے کے بعد پاکستانی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کا شکار بھی ہوگئی ۔ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق پاکستانی ٹیم اب چھٹے سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا آغاز 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن سے کیا تھا تاہم سیریز میں ناکامی کے بعد اس کے 3 پوائنٹس کم ہوگئے اور اب وہ 92 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن پر آگیا ہے۔ سری لنکا ایک پوائنٹ کی بہتری سے ساتھ پاکستان کی جگہ چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ نے سیریز کا آغازدرجہ بندی میں چوتھی پوزیشن سے کیا تھا اور اس کا آسٹریلیا کے ساتھ معمولی رینکنگ فرق تھا تاہم پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی سے نیوزی لینڈ کی نمبر4 پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے جبکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 105 ہوگئی ہے۔تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق ہند بدستور پہلے، انگلینڈ دوسرے اور جنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر ہے۔آسٹریلیا پانچویں نمبر پر ہے، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں جبکہ زمبابوے کا نمبردسواں ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں