Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ قبرص میں فوجی اڈہ بنائے گا ؟

نیکوسیا۔۔۔قبرص نے روس کے اْس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ قبرص میں ایک فوجی اڈہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ماسکو نے رواں ہفتے کے آغاز پر خبردار کیا تھا کہ روس قبرص میں کسی بھی قسم کے امریکی عسکری وجود کا جواب دے گا اور اس کا نتیجہ قبرص میں عدم استحکام کی صورت میں سامنے آئے گا۔ قبرص کے وزیر خارجہ نیکوس نے کہاکہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے بات چیت میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے بیان پر احتجاج کیا ۔نیکوس نے کہا کہ روسی ترجمان کے بیان پر قبرص کی تشویش کا اظہار کیا کیونکہ یہ بیان حقائق پر مبنی نہیں تھا اور سفارتی معیار سے تجاوز کر گیا۔قبرص کے وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ نیکوسیا اور روس کے درمیان شاندار تعلقات ہیں مگر قبرص کسی بھی دوسرے خود مختار ملک کی طرح اپنے مفاد کے حق میں فیصلے کرے گا۔ نیکوس کے مطابق وہ آئندہ ماہ جنوری میں ماسکو کے دورہ کے دوران وہ سرگئی لاؤروف کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ادھر امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ امریکہ اور قبرص نے نومبر میں ایک سمجھوتے پر اتفاق رائے کیا تھا جس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان کئی امور میں دو طرفہ سیکیورٹی تعاون کو گہرا بنایا جائے گا۔

شیئر: