ریاض۔۔۔ سعودی محکمہ سیاحت و قومی آثار نے اعلان کیا ہے کہ 18 دسمبر 2018ء منگل کو ریاض کے قومی عجائب گھر میں جنوبی کوریا کے نوادر کی نمائش کی جائے گی۔ محکمہ کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان اس کی سرپرستی کریں گے۔ 70 دن سے زیادہ مدت تک یہاں چین کے نوادر پیش کئے جاتے رہے جنہیں مقامی شہریو ں اور مقیم غیر ملکیوں میں زبردست پذیرائی ملی۔ گزشتہ ہفتے ہی چینی نوادر کی نمائش اختتام پذیر ہوئی تھی۔ مئی 2017ءکے دوران سعودی عرب جنوبی کوریا کے قومی عجائب گھر میں مملکت کے شاندار نوادر کی نمائش کرچکا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کے معاہدے کے تحت نوادر کی نمائش ایک دوسرے کے یہاں کی جارہی ہے۔ جنوبی کوریا کی تاریخ قدیم حجری دور سے تعلق رکھتی ہے۔