Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسٹریٹ اور سائبر کرائمز اب مزید نہیں‘ ایپکس کمیٹی

کراچی: ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو کراچی سمیت صوبے کی سیکیورٹی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس آج صبح کراچی میں منعقد ہوا جس میں کراچی کے کور کمانڈر، چیف سیکرٹری سندھ، صوبائی وزیر سید ناصر شاہ، مشیر وزیر اعلیٰ مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز، انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے صوبائی سربراہوں سمیت سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں پر عمل اور نیشنل ایکشن پلان پر نظر ثانی و انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی تفتیش سمیت پراسیکیوشن کے معاملات پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ کبیر قاضی نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی نگرانی کے لیے ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال پہلے سے بہتر ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے بڑھتے ہوئے واقعات پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کے بھوت کو اب ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو کہا کہ اس کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے، اس حوالے سے قانون میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ دوران اجلاس کورکمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کا سسٹم ہمارا اپنا ہونا چاہیے۔ آرمی چیف کو درخواست کی جائے گی کہ وہ آرمی کے سائبر سیکورٹی ونگ سے سندھ حکومت کو مدد فراہم کرے۔ 
 
 

شیئر: