Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سرکلر ریلوے ٹریک پر تجاوزات کیخلاف آپریشن آج

کراچی: شہر قائد کے پرانے اور غیر فعال منصوبے سرکلر ریلوے کے ٹریک پر قائم تجاوزات گرانے کےلئے آج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے سرکلر ریلوے کی بحالی کے حکم کے بعد تجاوزات گرانے کے پہلے مرحلے میں گلبرگ اور لیاقت آباد کے علاقوں میں ریلوے ٹریک پر قائم تجاوزات ختم کئے جائیں گے۔ قبل ازیں مقامی اتنظامیہ نے گزشتہ روز غریب آباد میں سرکلر ریلوے کے ٹریک اور اس سے ملحق پٹی کا دورہ کیا تھا جہاں فرنیچر مارکیٹ قائم کردی گئی ہے۔ دورے کے موقع پر دکانداروں نے از خود تجاوزات ہٹانا شروع کردیے تھے۔ اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ کمشنر کراچی کے مطابق ریلوے کی 580 ایکڑ زمین پر قبضہ ہے جسے خالی کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ برسوں سے غیر فعال سرکلر ریلوے کے ٹریک کے اطراف میں مکانات اور بلند عمارتیں تعمیر ہو چکی ہیں جن کے مکینوں کے پاس متعلقہ اداروں کی جانب سے دی گئی دستاویزات بھی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کم و بیش 5 ہزار سے زائد مکانات ریلوے ٹریک یا اس کے انتہائی قریب تعمیر ہو چکے ہیں۔
 

شیئر: