استنبول۔۔۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے کہا کہ فلسطین اور القدس ترکی کا قومی مسئلہ ہے، القدس پراپنا تسلط مضبوط بنانے کے لیے اسرائیل ثقافتی یلغار کا مرتکب ہے اور وہ مقدس شہر سے اسلامی آثار کو مٹانے کی سازش کر رہا ہے۔ استنبول میں منعقدہ پارلیمان برائے القدس کانفرنس سے خطاب میں ترک صدر نے کہا کہ فلسطینی قوم کی آزادی کے لیے پوری مسلم امہ کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا۔ترک صدر نے عالم اسلام اور عالمی برادری پر زور دیا کہ انہیں فلسطین کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے رابطوں کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ فلسطینی قوم 70 سال سے ایک غاصب قوم کے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اب وقت آگیا کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ترک صدر نے کہاکہ قضیہ فلسطین اور القدس کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور ایک ارب 70 کروڑمسلمانوں کا اجتماعی مسئلہ ہے۔القدس کا دفاع انسانیت کا دفاع، امن انصاف اور آزادی کا دفاع ہے۔