ریاض۔۔۔ وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی محمد التویجری نے عندیہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تارکین فیس پر نظر ثانی ہوسکتی ہے۔ وہ امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ سے گفتگو کررہے تھے۔ التویجری نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی سیکٹر یا صنعت کو آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ترغیبات یا توازن ادائیگی کو بہتر بنانے یا سعودیوں کیلئے نئی اسامیاں متعارف کرانے یا پہلے سے طے شدہ کسی اقتصادی ضرورت کے تحت تارکین فیس میں تبدیلی کی ضرورت پڑی تو نظرثانی ہوگی۔ التویجری نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی دائمی دلچسپی نجی اداروں کو آگے بڑھانے کی ہے۔سعودی حکومت چاہتی ہے کہ نجی ادارے زیادہ سے زیادہ آگے بڑھیں۔ سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں التویجری نے کہا کہ سعودی عرب ابھی تک غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک ہے۔مملکت میں ابھی تک سرمایہ کاری کے مواقع پرکشش بھی ہیں اور مسابقتی بھی۔ نجی اداروں کے ٹھیکیداروں کے بقایا جات کی بابت سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ امسال 99فیصد سے زیادہ کے بقایا جات نجی اداروں کو ادا کرچکی ہے۔