کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کل ہوں گے‘ انتظامات سخت
کراچی: سندھ بھر میں کل ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انتخابی سامان متعلقہ اضلاع میں پہنچا دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 65 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخاب میں 5 لاکھ سے زائد مرد و خواتین اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے متعلقہ حلقوں میں 389 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں 2800 سے زائد انتخابی عملہ الیکشن میں ڈیوٹی دے گا۔ اس کے علاوہ جن اضلاع میں انتخابات ہو رہے ہیں، ان میں انتخابی سامان کی ترسیل بھی مکمل ہو گئی ہے ۔ اس حوالے سے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 12 بجے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی کے 6 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ واضح رہے کہ کراچی میں چیئرمینز کی 4 نشستیں رکن سندھ اسمبلی بننے والوں نے خالی کی ہیں ۔