لاہور: ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات کے حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاش پر سیاست فواد چودھری ہی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جان سے چلے جانے والے شخص کے بارے مین اس طرح کا بیان دینا بیمار ذہنیت اور بے حسی کی عکاسی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا میں میاں جاوید کے جاں بحق ہونے پر عوامی تنقید سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے پھرتی دکھائی جا رہی ہے۔نیب کو کسی فرد کے سماجی مرتبے ، عزت، بیماری اور جان سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے لیے میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر مجرمانہ تاخیر کی گئی، نیب نے میڈیکل رپورٹ دینے میں دانستہ تاخیر کی ہے ، ان کی جانب سے یہ رویہ کینسر سے شفایاب مریض سے برتا جا رہا ہے۔ ترجمان ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان صاحب 2 پیشیوں پر ہی اپنے وکیل پر برس پڑے تھے، جبکہ انہیں 165 مرتبہ پیش ہونا پڑتا تو خودکش حملہ کر دیتے۔