ریاض... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انڈونیشیا میں سمندری طوفان سے ہونےوالے جانی اور مالی نقصانات پر انڈونیشی صدر اورجاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔ شاہ سلمان نے اپنے تعزیتی پیغام میں تحریر کیا کہ انڈونیشیا میں جزائر جاوا اور سماٹرا میں آنےوالے سمندری طوفان سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا سن کر ہمیں دلی رنج و ملال ہوا۔ ہم آپ سے اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور انڈونیشی بھائیوں سے اس پر تعزیت و ہمدردی کرتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں پر اپنا فضل و کرم فرمائے۔ انکی مغفرت کرے۔ انکے اعزہ کو صبر سے نوازے۔ زخمیوں کو فوری شفا عطا کرے۔ آپ اور انڈونیشی بھائیوں کو ہمیشہ ہر آفت اور بلا سے اپنی حفاظت میں رکھے۔ ولی عہد، نائب وزیراعظم ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی انڈونیشی صدر کے نام تعزیتی پیغام ارسال کیا ۔