Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قائداعظم کے اصولوں کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھیں گے، عارف علوی

کراچی: ملک بھر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزرا کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دی ۔ بابائے قوم کے یوم  پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی پیغام میں کہا کہ قوم معاشرے سے دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ قائد اعظم کے اصولوں کی روشنی میں مادر وطن کی خدمت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب وزیرا عظم عمران خان نے قائد اعظم کے یوم پیدائش کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا کہ بابائے قوم نے ایسی ریاست کا نظریہ پیش کیا تھا جہاں خوشحال معاشرے کی تشکیل کے ذریعے ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل کیا جاسکتا ہے۔ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے ملک کو فلاحی، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے ان کے وژن اتحاد ، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں پر عمل کریں۔ مزار قائد پر تقریب میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور دیگر اہم شخصیات نے بھی حاضری دی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی مزار قائد پر موجود ہے۔ علاوہ ازیں بانی پاکستان کے یوم کے حوالے سے ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی، مقصد اور قیام پاکستان سے متعلق جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔

                                  

شیئر: