Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی مسیحی برادری کی کارکردگی ہر سطح پر مثالی رہی ہے ، نجیب اللہ خان

دہشتگردی کےخلاف جنگ میں کرسچن کمیونٹی نے بھر پورتعاون کیا ، ویلفیئر قونصلر، پاکستان نے ہمیں مثالی شناخت دی جس پر فخر کرتے ہیں ، صدر کرسچن کمیونٹی پرویز یوسف کا تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ویلفیئر قونصلر نجیب اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مسیحی برادری کی ملک او ر بیرون ملک کارکردگی مثالی ہے ۔ بعض عناصر پاکستان میں عصبیت کی بنیاد پر خلیج قائم کرنا چاہتے ہیں جسے ہر سطح پر ناکام بنا یا جارہا ہے اور اس عمل میں پاکستانی مسیحی برادری بھی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرتی ہے۔ وہ قونصلیٹ میں منعقدہ پاکستان کرسچن کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ مذہبی تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ نجیب اللہ خان نے مزید کہا کہ میں قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے دیگر افسران اور عہدیداروں کی جانب سے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ مملکت میں مقیم پاکستانی مسیحی بھائیوں کی کارکردگی مثالی رہی انہوں نے ہر شعبے میں پاکستان کی بہترنمائندگی کی اور کررہے ہیں ۔ مسیحی برادری نے زندگی کے 2 اہم شعبوں میں مثالی کام کئے ہیں جن میں ایک صحت اور دوسرا تعلیم ہے ۔ ان دونوں شعبوںمیں مسیحی برادری کی بھر پور شرکت ہے ۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں انہیں ہر طرح کی آزادی ہے ۔ نجیب اللہ خان نے مزید کہا قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم کے ان کلمات سے سب بخوبی واقف ہونگے جس میں انہوں نے کہا تھا آزاد وطن میں ہر کوئی آزاد ہے کسی پر مذہبی پابندی نہیں ۔ یہی وہ پیغام ہے جو آج کی مناسبت سے میں دینا چاہوں گا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اسے ہم سب نے مستحکم کرنا اور ترقی دینے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ پاکستان کرسچن کمیونٹی کے صدر پرویز یوسف نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے ہمیں جو شناخت عطا کی اس پر ہمیں فخر ہے ۔ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اسے ترقی دینا ہم سب کا فرض ہے ۔ ہم سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے ہمیشہ کام کرتے رہیں گے ۔ پرویز یوسف نے مزید کہا یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں اس کا سب سے بڑا ثبوت ہر برس ہمیں قونصلیٹ میں اپنی مذہبی تقریب منعقد کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ حکومت پاکستان ہمیں اپنا حصہ سمجھتی ہی نہیں بلکہ ہمارا ہر طرح سے خیال رکھا جاتاہے ۔ کیونکہ ہم تعداد میں کم ہیں اس لئے بھی ہمارے مسلم بھائی ہم سے بے پنا ہ محبت رکھتے ہیں ۔ ہمیں مل کر حکومت پاکستان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے تاکہ اغیار کے اشاروں پر کام کرنے والا وہ گمراہ کن ٹولہ جو وطن عزیز میں نفرتیں پھیلانے میں مصرو ف ہے اس کے عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے ۔ قبل ازیں تقریب سے فلک شیر پیٹر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کو مبارک باد پیش کی ۔ تقریب سے پاکستان جرنلسٹس فورم کے امیر محمد خان نے شرکاءتقریب کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری اقلیت نہیں بلکہ اقلیت تو ہندوستان میں ہے جو وہاں کی اکثریت کے ہاتھوں ظلم و ستم کی چکی میں پس رہی ہے اورانہیں کسی قسم کی مذہبی آزادی حاصل نہیں ۔ پی ٹی آئی جدہ ریجن کے صدر احمد بشیر نے بھی اس موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا ۔ تقریب سے پی این ایس ایف کے ریاض بخاری ، عنصر گھمن نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں بچوں کو تحائف بھی دیئے گئے بعدازاں مہمان خصوصی کے ساتھ ملکر کیک کاٹا گیا ۔ 

شیئر: