بابر اعظم نے ڈیل اسٹین کے ریکارڈ کا مزہ خراب کردیا
جمعرات 27 دسمبر 2018 3:00
سنچورین : ڈیل اسٹین طویل انتظار کے بعد اپنا ریکارڈ بنانے میں تو کامیاب ہو گئے لیکن بابر اعظم نے ان کا مزہ خراب کردیا ۔اسٹین صرف ایک ہی وکٹ لے سکے جو ان کے لئے ریکارڈ ساز ثابت ہوئی تاہم اس کے بعد وہ سخت کوشش کے باوجود پہلی اننگز میں مزید کوئی کامیابی نہ حاصل کرسکے ۔ڈیل اسٹین نے چنددن پہلے کہا تھا کہ وہ 35 برس کے ہو گئے ہیں مگر اندر سے خود کو 23 برس کا محسوس کرتے ہیں۔اب یہ تو نہیں معلوم کہ کب کب وہ خود کو 23 برس کا لڑکا محسوس کرتے ہیں لیکن جب بابر اعظم مکمل کنٹرول کے ساتھ انہیں پے در پے چھکے لگا رہے تھے توتب اسٹین ہی نہیں پوری دنیائے کرکٹ کو یہی محسوس ہوا کہ وہ 23 برس کے کوئی ناتجربہ کار بولر ہیں۔ایک اوور میں4 چوکے تو کسی اوسط درجے کے بولر کو بھی پڑ جائیں تو اس کی سٹی گم ہو جاتی ہے جبکہ یہ تو ڈیل ا سٹین تھے جو ایک تاریخی ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے تھے۔جس طرح سے بابر اعظم اپنے قدموں پہ جمے ہوئے تھے اور جس سہولت سے وہ گیند کو مڈل کر رہے تھے، اس نے اسٹین کو مجبور کر دیا کہ وہ لائن و لینتھ میں تجربے کرنے لگیں۔ تجربے کیے بھی لیکن ہر بار نتیجہ یکساں ہی آیا۔ بابر اعظم نے اسٹین کا جو حال کیا، وہ نہ تو متوقع تھا اور نہ ہی کسی کے پلان کا حصہ۔71 رنز کی طوفانی اننگز اور 15چوکے یہ خالصتاً بابر اعظم کا جادو تھا جو ڈری سہمی پاکستانی اننگز کو متوازن پوزیشن میں لے آیا اور صرف ا سٹین کا ہی نہیں، فاف ڈو پلیسس کی ساری ٹیم کا ایک اچھا دن خراب بھی کر دیا۔
کھیلوں کی مزید خبر وں اور رتجزئیے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں