Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہراہوں پر واقع مساجد کا حال اچھا نہیں، جائزے میں شامل 86فیصد کے تاثرات

ریاض۔۔۔۔ شاہراہوں پر واقع مساجد کا حال اچھا نہیں۔ یہ بات قومی مرکز برائے رائے عامہ نے تازہ ترین جائزے کے نتائج شائع کرکے بتائی ہے۔ یہ جائزہ شاہراہوں کی مساجد کے نگراں فلاحی ادارے کے تعاون سے تیار کیا گیا۔ 1246سعودی خواتین و حضرات کو جائزے میں شامل کیا گیا۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ شاہراہوں پر واقع مساجد کی حالت سے وہ مطمئن ہیں یا نہیں۔ جائزے میں 81فیصد مرد اور 19 فیصد خواتین شریک ہوئیں۔ جائزے کا سلسلہ 24گھنٹے تک جاری رکھا گیا اس سلسلے میں علمی بنیادوں پر کام کیا گیا۔ جائزہ نگاروں نے بتایا کہ 34فیصد مسافروں نے بتایا کہ وہ شاہراہوں پر موجود مساجد اور انکی خدمات سے مطمئن ہیں جبکہ 86فیصد نے کہا کہ وہ مساجد کی حالت اور ان سے متعلقہ خدمات سے مطمئن نہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مساجد او راس سے متعلقہ امور کی دیکھ بھال کیلئے عملہ مطلوبہ شکل میں مہیا نہیں۔ طہارت خانوں میں صفائی کا معیار نہیں۔ معذوروں سے متعلق خدمات نیز سن رسیدہ حضرات سے متعلق سہولتیں بھی ناپید ہیں۔ شاہراہوں پر قائم مساجد وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے ماتحت ہیں۔ وزارت نے اصلاح حال کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ حال ہی میں وزیر اسلامی امو رنے توجہ دلائی تھی کہ انکی وزارت شاہراہوں پر قائم مساجد کو جدید خطوط پر استوار کریگی اور ان سے متعلقہ طہارت خانوں سمیت جملہ خدمات کو معیاری بنانے کا اہتمام کیا جائیگا۔

شیئر: