Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گناہ پرقدرت رکھنے کے باوجود خوفِ الٰہی کے سبب رک جانا باعث نجات ہے،مولانا فضل اللہ

***کیمونٹی ڈیسک ۔جدہ***
 ’’تم میرا ذکر کرو میں تمہارا ذکر کروں گا‘ ‘ ۔قرآنِ پاک کی اس آیت کی تفسیر میں مفسرین فرماتے ہیں کہ انسان جب رات کے اخیر حصہ میں اپنے نرم نرم بستر کو چھوڑکر اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول ہوگا تو اللہ تعالیٰ اُس کی اِس عبادت کے صدقہ جس وقت وہ قبر کے سیاہ اندھیرے میں سخت زمین پر پڑا ہوگا جہاں اُسکا کو ئی مددگار نہیں ہوگا تواللہ تعالیٰ اُسکو اُس وقت یاد فرمائیگا اور فرشتوں کے ذریعہ اُسکو راحت پہنچائے گا ۔ اسی طرح انسان تنہائی میں جب بِنا کسی کے ڈر و خوف کے گناہ کرنے پر قادر ہوگا، اگر اُس حالت میں صرف خوفِ الٰہی کی وجہ سے گناہ سے بچا رہے گا تو اللہ تعالیٰ اُس شخص کو ایسے وقت یاد فرمائیگا جس وقت وہ شخص چاروں طرف سے پریشانیوں اور مصیبتوں میں گھرا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد فضل اللہ نقشبندی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و ہیڈ آف عربک ڈپارٹمنٹ امارات لنگویجس کالج ،دبئی نے بزم طلبائے قدیم ومحبانِ جامعہ نظامیہ جدہ کی جانب سے دارالعلم جدہ میں منعقدہ جلسۂ استقبالِ ضیو ف الرحمان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولاناحافظ قاضی محمد نظا م الدین غوری صوفی قادری کامل الحدیث جامعہ نظامیہ وصدر بزم نے جلسہ کی صدارت کی ۔ حافظ وقاری محمد سلیم قادر ی نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ مولانا حافظ محمد نظام الدین غوری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر آنے والے بڑے خوش نصیب ہوتے ہیں ۔جب وہ اپنے مقام سے نکلتے ہیںتو اپنے سفر کے آغاز سے لیکر اختتام تک ضیوف الرحمان کہلاتے ہیں ۔اُنکا کھانا عبادت ،اُنکا چلنا عبادت ،اُنکا سونا عبادت یعنی اُنکا ہر عمل عبادت ہوتا ہے ۔اُس میں سب سے اہم چیز اخلاص اورخوفِ الٰہی کا شامل رہنا ہے ۔اس موقع پر مولانا حافظ غلام سبحانی فاضل جامعہ نظامیہ ،مولانا حافظ محمد حبیب اللہ خان اویس نقشبندی فارغ جامعہ نظامیہ ،حافظ سید درویش محی الدین قادری ،سید محمد عبدالرب حامد قادری نائب صدر فنانس کمیٹی بزم ،محمد عاصم الدین انصاری معتمد استقبالِ حجاج کمیٹی بزم،سید احتشام علی خان نائب معتمد استقبالِ حجاج کمیٹی اور میر محمد علی وغیرہ موجود تھے ۔ مولانا فضل اللہ نقشبندی نے اپنے استادِمحترم عبداللہ قریشی ازہریؒ رحمہ اللہ ،سابق خطیب مکہ مسجد و نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کے انداز میں قرآن ِ مجید کی مختلف سورتوں کی تلاوت کرکے سماں باندھ دیا ۔ محمد عبدالعلی شعیب صدر یوتھ کمیٹی بزم ، محمد عبید اللہ خان، شجاعت علی خان ،محمد وجاہت علی فہد وغیرہ نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ آخر میں مولانا نظام الدین غوری کے دُعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ 
 

شیئر: