چین دیہی علاقوں کے ایک کروڑ افراد کو خط غربت سے نکالے گا
بیجنگ۔۔۔ چین نے کہا ہے کہ آئندہ سال کے دوران ملک کے دیہی علاقوں کے 10 ملین (ایک کروڑ) کے قریب افراد کو خط غربت سے نکالا جائیگا۔ یہ بات چین کے نائب وزیراعظم ہوچن ہوا نے کہی۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں 2019 ء کو غربت کے خلاف جنگ میں ایک مشکل سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ملک کے دیہی علاقوں کے ایک کروڑ کے قریب افراد کو خط غربت سے اوپر اٹھایا جائیگا۔غربت کے خاتمے کے بارے میں آئندہ سال کی ترجیحات میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ غریب افراد کو بنیادی سماجی خدمات،غربت سے متاثرہ علاقوں کی امداد کی فراہمی اور مفلس الحال لوگوں کے خصوصی گروپس کی تشکیل ہے۔غربت کے خلاف جنگ چین کو 2020 ء تک خوشحال ملک بنانے کے منصوبے کے 3 اہم نکات میں سے ایک ہے۔ دیگر 2 نکات میں مالیاتی خدشات کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر کوششیں اور آلودگی کے مسائل سے نمٹنا شامل ہے۔ یاد رہے کہ چین نے 2020 ء تک ملک سے غربت کے قطعی خاتمے کا اعلان کررکھا ہے اور گزشتہ 4عشروں(40 سال) کے دوران 700 ملین ( 70 کروڑ ) سے زیادہ افراد کو غربت سے نکالا جاچکا ہے۔