Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان تحریک انصاف جدہ کی جانب سے یوم قائد پر شاندار تقریب

***ارسلان ہاشمی ۔جدہ***
پاکستان تحریک انصاف جدہ کے زیر اہتمام یوم قائد بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے حوالے سے شاندار تقریب کا اہتمام مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر افرادنے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھی بھر پور شرکت کی ۔ مہمان خصوصی خیبر پختونخواسے حلقہ این اے 7 سے تعلق رکھنے والے رکن  قومی اسمبلی محمد بشیر خان تھے جو عمرہ کی ادائیگی کیلئے ارض مقدس آئے ہوئے تھے ۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا بابائے قوم نے ہمیں اقوام عالم میں جونمایاں شناخت دلوائی جس کی وجہ سے آج دنیا میں ہماری پہچان ہے ہم اس شناخت کو نہ صرف برقرار رکھنے کا عزم کرتے ہیں بلکہ اسے اقوام عالم میں مزید بلند کریں گے ۔ قائد اعظم کی مثالی جدوجہد نے قیام پاکستان کی راہ ہموار کی ۔ انہو ںنے ہمارے لئے جو راستے متعین کئے ہیں ان پر ہمیں چلتے ہوئے وطن عزیز کو ترقی دینا ہے ۔ قائد اعظم کی حیات محنت ، ایمانداری اورخلوص سے عبارت تھی۔ انہو ں نے اپنی زندگی پاکستان کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ اگر وہ چاہتے تو ذاتی زندگی آرام سے گزار سکتے تھے مگر انہو ںنے اپنا آرام و چین ملک کیلئے قربان کر دیا ۔ رکن اسمبلی نے مزید کہاکہ اب عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی وطن عزیز کو قائد کے خوابوں کا پاکستان بنانے کا عزم رکھتی ہے ہم اسی پاکستان کی جانب گامزن ہیں جو علامہ کے خوابوں کی اور قائد کی جدوجہد کی عملی تعبیر تھی ۔ معروف سرمایہ کار چوہدری شفقت محمود نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو یوم قائد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا آج کا دن اس امر کا متقاضی ہے کہ ہم قائد کے اصولوں پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے استحکام اور ترقی کیلئے کام کریں ۔ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ، قدرت نے چاروں موسم ، دریا اور قدرتی ذخائر سے مالا مال ملک ہمیں عطا کیا ہے۔ اس کے باوجود ہم قدر ت کی ان نعمتوں کو درست معنوں میں استعمال نہیں کر سکے ۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ وطن عزیز کے استحکام اور ترقی کیلئے کام کیا ۔ انہو ںنے ہمیشہ ایمانداری کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنارکھا ۔ شفقت محمود نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ایک بار قائد اعظم کے بھائی احمد علی جناح نے اپنے وزٹنگ گارڈ بنائے جن پر ـ " گورنر جنرل کا بھائی " لکھوا دیا ۔جب یہ کارڈ قائد اعظم تک پہنچا تو انہو ںنے بھائی کی سرزنش کرتے ہوئے تمام کارڈ تلف کر دیں ۔ یہ ہمارے قائد کی عمل تھا انہیں یہ بھی گوارا نہ تھا کہ انکا سگا بھائی انکے عہدے کو استعمال کرے ۔ قائد اعظم نے ہمارے لئے جوراہ  متعین کی ہمیں ان پر چلتے ہوئے ہی اپنے وطن کو ترقی دینا ہو گی ۔قبل ازیں پی ٹی آئی جدہ کے صدر احمد بشیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم قائد کے حوالے سے کہا قائد اعظم محمد علی جناح نے جو اصول ہمیں دیئے ہماری پارٹی ان پر کاربند ہتی ہوئے وطن عزیز کو ترقی دینے اور استحکام کرنے کا بھر پور عزم رکھتی ہے ۔ پاکستا ن کو قدرت نے تمام نعمتوں سے نوازا ہے ضرورت جس مخلص و محب وطن قیادت کی تھی وہ بھی پاکستان کو مل گئی ہے وہ خواب جو برسوں سے عوام دیکھ رہی تھی اسکی تکمیل کی راہیں ہموار ہو چکی ہیں ۔ پاکستان سے بدعنوانی کے عفریت کے خاتمے کیلئے حکومت دن رات کام کررہی ہے اب وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے عوام ان ثمرات سے مستفیض ہو ں جو رب تعالیٰ نے اس سرزمین کو عطا کئے ہیں ۔ پی ٹی آئی سعودی عرب کے مرکزی رہنما فرخ رشید نے کہا پاکستان تحریک انصاف اپنے منشور پر عمل پیرا ہے اور پاکستان سے جلد ہی بدعنوانی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔ قائد اعظم کی شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئے فرخ رشید کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے پاکستان کی بنیاد ایمانداری پر قائم کی تھی مگر بعد کے حکمرانوں نے وطن عزیز سے اس اہم عنصر کو کاٹ دیا جس کی وجہ سے ہم حقیقی معنوں میں ترقی نہ کرسکے ۔تقریب میںپی ٹی آئی مڈ ل ایسٹ کے چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان کا یوم قائد آعظم پر پیغام بھی اسکرین پر پیش کیا گیا جبکہ نائب صدر شہباز بھٹی،صدر خبر سٹی عقیل آرائیں،پی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کے نائب صدر ڈاکٹر سیدراشدعلی شاہ، انفارمیشن سیکریٹری زاہد محمود اعوان، جمیل اللہ خان نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں مقامی گلوگاروں عمر فرخ اور عمران نے قومی ترانے بھی پیش کئے ۔نظامت کے فرائض انفارمیشن سیکریٹری رضوان وڑائچ اور چوہدری ظہیر احمد نے ادا کئے ۔
 

شیئر: