Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مری میں برف باری‘ شاہراہوں پر دھند

اسلام آباد: ملک بھر میں سرد موسم جاری ہے جبکہ مری میں نئے سال کی پہلی برف باری نے ملکہ کوہسار کے نظارے بکھیرنے شروع کردیے ہیں۔ دوسری جانب قومی شاہراہوں اور موٹر وے پر آج وسیع رقبے پر دھند پھیلی ہوئی ہے اور علی الصبح سے ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ، اسلام آباد، مری اور بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی اور ہلکی برف باری شروع ہو چکی ہے اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالا، مالا کنڈ، ہزارہ، مردان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ موٹر وے حکام کا کہنا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ملتان خانیوال موٹر وے کو ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایم ٹو لاہور شیخوپورہ موٹر وے کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کئی مقامات پر غیر معمولی دھند کے باعث ڈرائیوروں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے اور دوران ڈرائیونگ گاڑیوں کی فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔
 

شیئر: