مٹھاس صحت کیلئے نقصان دہ؟
لندن۔۔۔ قدرت نے مٹھاس میں اتنی زیادہ کشش رکھی ہے کہ لوگ بچپن سے ہی اسکے عادی ہوجاتے ہیں۔ کچھ تو انکی فطری جبلت انہیں میٹھی چیزو ںکی جانب مائل کرتی ہے اور کچھ پیدائش کے بعد سے ہی والدین اپنے بچوں کو میٹھی چیزیں چٹانا یا کھلانا شروع کردیتے ہیں اور پھر یہ سلسلہ بڑھتا رہتا ہے ۔ حد یہ کہ جب وہ سن بلوغت تک پہنچتے ہیں تو ان کا یہ شوق اور بھی جڑ پکڑ لیتا ہے۔ اس حوالے سے کئے جانے والے حالیہ سروے میں برطانوی سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی بچے 10سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل ہی تقریباً22اسٹون(139کلوگرام) شکر استعمال کرچکے ہوتے ہیں جسکا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ روزانہ شکر کی کم از کم 13کیوبز استعمال کرتے ہیں۔ اس رپورٹ کے اجرا سے قبل سروے کرنےوالے ڈاکٹروںکی ٹیم نے 10سال سے کم عمر کے 26ہزار بچوں کوایک سال کے دوران اسپتال لے گئے جہاں انکشاف ہوا کہ انکے دانت خراب ہوچکے ہیں۔ ان بچوں نے براہ راست شکر استعمال کرنے کے ساتھ شکر سے تیار کردہ بے شمار چیزو ںاور ایسی خوراک کو استعمال کیا جس میں قدرتی طور پر شکر ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ شکر کی جانب اس قدر زیادہ رجحان ان اشتہارات کا رہین منت ہے جو مختلف کمپنیاں اپنی مختلف مصنوعات کے فروخت کیلئے استعمال کرتی ہیں۔