ورلڈ اسٹار فٹبالر لوئس فیگو اور کاکا کی پاکستان آمد
کراچی:ورلڈ سوکر اسٹارز ایونٹ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ پرتگال اور برازیل کے معروف فٹبالرز لوئس فیگو اور کاکا 10 جنوری کو پاکستان پہنچیں گے۔ لوئس فیگو اور کاکا پاکستان آمد کے بعد کراچی میں انٹرنیشنل اسٹارز ورلڈ سوکر اسٹارز ایونٹ کی رونمائی کریں گے۔ان دونوں کھلاڑیوں کو برطانیہ کی کھیل اور ایونٹ مینجمنٹ کمپنی ٹچ اسکائی گروپ کی جانب سے مدعو کیا گیا ہے ۔اسی کمپنی نے 2017ءمیں ایک نمائش میں برازیلی فٹبالر رونالڈنہو اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی پاکستان بلایا تھا۔فیگو اور کاکا کراچی میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے جس کے بعد لاہور کے پیکیجز مال میں ایک تقریب میں دونوں اپنے پرستاروں سے ملاقات کریں گے۔منتظمین نے بتایا کہ یہ دورہ کراچی اور لاہور کے شہریوں بالخصوص فٹ بال کے پرستاروں کو لوئس فیگو او ر کاکا کی جھلک دیکھنے اور ملاقات کا موقع فراہم کرے گا۔دونوں فٹبالرز نے پاکستان آمد کے حوالے سے ویڈیو پیغامات بھی جاری کئے ہیں ۔ جس میںکاکا نے سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک میں فٹ بال کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں ، میں کبھی پاکستان نہیں گیا لہٰذا بہت پرجوش ہوں۔لوئس فیگو نے پاکستانی شائقین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں ایشیا کے ایک اور ملک میں فٹ بال کو مقبولیت اور فروغ پاتا دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں