Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کے 622رنز کی اننگز سے چوتھے ٹیسٹ پر مضبوط گرفت

سڈنی:آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے چوتھے اور آخری میچ کے دوسرے دن بھی ہندوستانی بیٹسمینوں نے میزبان بولرز کی نہ چلنے دی اور سیریز میں تاریخی فتح بڑی حد تک یقینی بنا دی ۔وکٹ کیپر رشبھ پنت آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے پہلے ایشیائی وکٹ کیپر بھی بن گئے ۔ پہلے دن کے ناٹ آوٹ بیٹسمین چتیشواڑ پجارا 193،وکٹ کیپر رشبھ پنت ناقابل شکست 159 اور اسپنر رویندر جدیجہ نے 81 رنز اسکور کرتے ہوئے مجموعی اسکور7وکٹوں کے نقصان پر 622رنز تک پہنچایا تو کپتان ویرات کوہلی نے پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی ۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں24رنز بنا چکی ہے ۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو عثمان خواجہ 9اور ماکوس ہیرس19رنز پر ناٹ آوٹ تھے۔ میزبان ٹیم کو ہند کا اسکور برابر کرنے کیلئے ابھی مزید598رنز کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے روز ہندوستانی ٹیم نے 303رنز 4کھلاڑی آوٹ سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا ۔ چتیشواڑ پجارا 130اور ہنوما ویہاری 39رنز کے ساتھ کھیلنے آئے ۔ویہاری تواپنے اسکور میں صرف3رنز کا اضافہ کرسکے تاہم ان کے بعد آنے والے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے پجارا کے ساتھ مل کر آسٹریلوی بولرز کی خوب دھلائی کی ۔پجارا اپنی ڈبل سنچری سے صرف7رنز کے فاصلے پرآوٹ ہو گئے ۔انہوں نے 93 1رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 22چوکے شامل تھے ۔اسپنر رویندر جدیجہ نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ساتھ 7ویں وکٹ کی شراکت میں204 کا اضافہ کیا ۔ اس دوران پنت اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے جبکہ آسٹریلیا میں کسی ایشیائی وکٹ کیپر کے طور یہ کاررنامہ انجام دینے والے پہلے وکٹ کیپر بھی بن گئے ۔ جدیجہ 10 ویںنصف سنچری اسکور کر کے 81کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہوئے تو ہند کا اسکور 622رنز ہو چکا تھا۔ کپتان ویرات کوہلی نے اسی اسکور پر اننگز ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کو کھیلنے کا موقع دینے کافیصلہ کیا ۔ رشبھ نے ا یک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 159 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4، جوش ہیزل وڈ نے 2 اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔میزبان ٹیم کی جانب سے مارکس ہیرس اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک24رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہیں۔واضح رہے کہ ہندکو 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے اور آسٹریلیا کو ہوم گراونڈ پر ہند کے ہاتھوں سیریز کی شکست سے بچنے کے لیے یہ میچ جیتنا ہوگی لیکن اس کے لئے صورتحال زیادہ اچھی نظر نہیں آتی۔میزبان بیٹسمینوں کا غیر معمولی کھیل ہی انہیں اس خفت سے بچا سکتا ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: