مکہ مکرمہ۔۔۔ محکمہ شہری دفاع مکہ مکرمہ نے بتایا ہے کہ گیس سیلنڈرز کے 90ایمپیئر والے ریگولیٹرز سے گھرو ںکو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں۔اس کے برعکس سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وڈیو کلپ میں جو دعویٰ کیا جارہا ہے وہ حقیقت کے منافی ہے۔ وڈیو کلپ میں شہری دفاع کا ایک اہلکار صارفین سے کہہ رہا ہے کہ 90ایمپیئر والے ریگولیٹر گھروں میں استعمال نہیں ہوتے ۔ یہ عام طور پر ریستورانوں ، ہوٹلوں اور دیو ہیکل باورچی خانوں کیلئے ہیں۔ گھروں میں انکا استعمال دھماکے کا باعث بن سکتا ہے لہذا جس گھر میں بھی 90ایمپیئر والے ریگولیٹر ہوں وہ انہیں گیس سیلنڈر سے پہلی فرصت میں نکال کر گھر سے باہر پھینک دیں۔ شہری دفاع کا اہلکار وڈیو میں یہ بھی مشورہ دے رہا ہے کہ گھروں میں استعمال ہونے والے گیس سیلنڈرز میں 50ایمپیئر والے ریگولیٹر ہی استعمال کئے جائیں۔ یہ مختلف رنگ کے ہوتے ہیں۔ رنگ سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اہم یہ ہے کہ وہ 50ایمپیئر والے ہوں۔ مکہ مکرمہ میں شہری دفا ع کے محکمے نے اس وڈیو کلپ پر جو وائرل ہوگیا تھا فوری ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے جس اہلکار نے مذکورہ انتباہ دیا ہے اس نے جلد بازی سے کام لیا۔ سعودی اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن نے بھی اسکی تردید کردی ہے۔ آرگنائزیشن نے تاکید کی ہے کہ90 ایمپیئر والے ریگولیٹر گھرو ںکیلئے کسی بھی صورت میں خطرے کا باعث نہیں ۔ یہ مکمل طورپر محفوظ ہیںان سے نہ آگ لگنے کا خطرہ ہے اور نہ ہی دھماکے کا خدشہ ہے۔ یہ گھروں، ہوٹلوں، ریستورانوں اور بڑے بڑے باورچی خانوں کے علاوہ ہر جگہ استعمال ہورہے ہیں۔ مکہ مکرمہ شہری دفاع نے یہ وضاحتی بیان سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے استفسارات کا تانتا بندھ جانے پر جاری کیا۔