ریاض۔۔۔ امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ امسال سعودی بینک شرح نمو کا 4سالہ ریکارڈ توڑ دیں گے۔ بلومبرگ نے جار ی کردہ رپورٹ میں توجہ دلائی ہے کہ عرب دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت کی حیثیت سے سعودی بینکوں کی کارکردگی عمدہ ہے۔ منافع کی شرح میں اضافہ اور2019ءکے بجٹ میں سرکاری اخراجات میں ریکارڈ اضافہ بینکوں کے وسیع تر مفاد میں ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر قیادت اقتصادی اصلاحات کے پروگراموں کا فائدہ بھی بینکوں کو پہنچے گا۔ دبئی میں ادارے کے تجزیہ نگار ایڈمنڈ کرسٹو نے کہا کہ نجی ادارو ںکو قرضہ دینے کا حجم بڑھے گا ۔ سعودی قومی اقتصاد کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ امسال فروغ املاک قرضے بھی زیادہ ہونگے۔سعودی نیشنل کمرشل بینک اور ریاض بینک کے انضمام سے بھی سعودی بینکوں کی کارکردگی اچھی ہوگی۔ 12سعودی بینک امسال 10.1فیصد خالص منافع کمائیں گے۔ یہ 2018ءکے ابتدائی 9ماہ کے دوران حاصل ہونے والی شرح نمو سے 9.8فیصد زیادہ ہوگا۔