ابوظبی کے ولی عہد 7 روز سے خاندان سمیت پاکستان میں تھے
اسلام آباد ؍ خان پور: ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان کے دورانیے پر ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ولی عہد ابوظبی چند گھنٹے نہیں، تین دن بھی نہیں بلکہ 7 روز سے اپنے اہل خانہ سمیت پاکستان میں تھے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے ماطبق ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان یکم جنوری کو چولستان آئے تھے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ الحبیب ائرپورٹ چانجنا چولستان کے مقام پر اُترے تھے۔ ان کے آنے سے قبل 3 جہازوں میں ان کی سیکورٹی پر مامور عملہ، گاڑیاں، باز اور کھانے پینے کا سامان اور خاندان کے افراد آئے تھے جس کے بعد وہ اپنے اہل و عیال سمیت خود پہنچے۔ اس موقع پر چولستان کے طویل صحرا میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق امارات کے شاہی خاندان کے گرد پہلے ان کی ذاتی سیکورٹی کا حصار تھا، جس کے بعد دوسرے نمبر پر حساس ادارے اور رینجرز کے جوان اور تیسرا حصار مقامی پولیس کا تھا۔ عام چولستانیوں کو صرف اتنا ہی علم تھا کہ کوئی شہزادہ آیا ہوا ہے، تاہم حقیقت یہ تھی کہ ابوظبی کے ولی عہد اپنے خاندان سمیت چولستان میں موجود تھے۔ جس کے بعد وہ اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملنے کے بعد واپس وطن روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر خبریں تھیں کہ ولی عہد چند گھنٹے کے لیے پاکستان آئے اور چلے گئے، اس حوالے سے حکومت پر تنقید سامنے آئی تو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تردید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ولی عہد گزشتہ 3 دن سے پاکستان میں تھے۔ ٹویٹر بیان میں وفاقی وزیر نے صحافیوں اور غیر مصدقہ خبروں سے متعلق بھی بات کی۔