Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھارت بند: ٹریڈ یونینوں کی2روزہ ہڑتال ،مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرےاور جھڑپ

نئی دہلی۔۔۔۔۔مرکزی حکومت کی جانب سے کم از کم مزدوری اورپبلک و سرکاری سیکٹرز کی نجکاری کیخلاف ٹریڈ یونین نے8 اور 9 جنوری کو ملک گیرہڑتال کا آغاز کردیا ۔ ٹریڈ یونینوں نے دعوی کیا کہ 20کروڑ ملازمین اس ہڑتال میں شریک ہیں جسےسیٹو، ایٹک، انٹک جیسی10تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ مختلف ریاستوں میں مزدورتنظیموں نے صبح سے ہی مظاہرے شروع کردیئے۔ سنٹرل ٹریڈ یونین کے ذریعہ طلب کی جانیوالی ہڑتال کا اثر ریاست کیرالا کے شہر کوچی اور تریویندرم میں نظر آیا جہاں یونین کے اراکان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک جام کردی۔ ہڑتال کی وجہ سے دکانیں اورکاروبار بند ہوگئے، بس، ٹرین اورٹرانسپورٹ کی سہولتیں معطل ہوگئیں۔ایک اندازے کے مطابق ہڑتال کی وجہ سےاربوں روپے کا خسارہ ہوا۔ مغربی بنگال کے آسنسول میں ترنمول کانگریس اور سی پی ایم کارکنان کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی جس متعدد کارکن زخمی ہوگئے۔  موقع پرموجود پولیس اور سیکیورٹی فورس کے دستوں نے مشتعل کارکنوں کو حراست میں لےکرحالات کنٹرول میں کیا۔ دہلی، مغربی بنگال، ا وڈیشہ، کرناٹک سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں جگہ جگہ ٹریڈ یونین کارکنان سڑکوں پر بینر اٹھائے مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔ریاست کرناٹک میں بھی ہڑتال کی وجہ سے سرکاری کام کاج متاثر ہوا۔مغربی بنگال اور گوہاٹی میں کارکنان نے ریلوے لائنوں پر مظاہرہ شروع کردیا جس سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ قومی دارالحکومت دہلی کے پٹپڑ گنج انڈسٹریل علاقے میں بھی آل انڈیا سنٹرل کونسل آف ٹریڈ یونینز(اے آئی سی سی ٹی یو)سے منسلک افراد نےسڑکوں پر مظاہرہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف  بینر ز اورپلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر تحریر تھا’’نہ مودی، نہ یوگی، نہ جے شری رام، ملک پر راج کرے گا مزدور،کسان‘‘۔اوڈیشہ میں سنٹرل ٹریڈ یونین کے ارکان نےزبردست احتجاجی مظاہرہ  کیا اور سڑکوں پر ٹائرجلا کر مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ بھونیشور میں ہڑتال کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی سہولتیں ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔مغربی بنگال میں سی پی ایم کے کارکنان نے بھی ٹریڈ یونین کی حمایت میں حکومت کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئےیونین کے مطالبات کو درست قراردیا۔
مزید پڑھیں:- - - - - -دہلی اور یوپی سے گرفتار نوجوان عدالت میں پیش،5ملزمان مزیدریمانڈ پر

شیئر: