انسانیت نوازی .... پھر بھی جاری
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات یمن میں اپنے ترقیاتی و امدادی پروگراموں کا دائرہ وسیع کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایوان شاہی کے مشیر اور مرکز کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے یمن سول سوسائٹی کے متعدد اداروں کے ساتھ انسانی امداد کی فراہمی اور تقسیم کی بابت متعدد معاہدے کئے ہیں۔ شاہ سلمان مرکز و امداد و انسانی خدمات یمن کے تمام علاقوں خصوصاً زیادہ مصیبت زدہ مقامات پر انسانی ، طبی اور ماحولیاتی امداد پیش کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ مختلف قسم کے پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان میں سے ایک پروگرام اُن یمنی بچوں کو معاشرے میں معمول کی زندگی گزارنے کے قابل بنانے کا بھی ہے جنہیں حوثی عسکری تربیت دیکر خانہ جنگی کی آگ میں جھونکے ہوئے تھے۔ حوثیوں نے یمنی عوام کے حق میں بدترین جرائم کئے ہیں۔ ان میں سرفہرست بچوں کو زبردستی فوجی تربیت دیکر محاذ جنگ پر بھیجنے کا جرم ہے۔ یہ ملک اور قوم دونوں کو بھاری نقصان پہنچانے والا عمل ہے۔ حوثی ایرانی نظام کی سازش پر عمل درآمد کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ حوثیوں نے ایران کے اشارے پر یمن کے مستقبل اور اس کے امن و استحکام کو داﺅ پر لگادیا ہے۔ جغرافیائی، سیاسی اور اقتصادی اعتبار سے انتہائی اہم ملک یمن کے امن و استحکام کو تہہ و بالا کردیا گیا۔
شاہ سلمان مرکز کا امدادی پروگرام مملکت کے انسانیت نواز پیغام کا اٹوٹ حصہ ہے۔ شاہ سلمان مرکز اپنے کردار سے یہ بات ثابت کررہاہے کہ وہ قافلہ سالار انسانیت نواز ادارہ ہے۔ اسکی بین الاقوامی ساکھ ہے۔ عالمی برادری اسکی قائل ہے۔ یہ مرکز امدادی عمل میں عالمی اداروں اور تنظیموں کا تعاون حاصل کئے ہوئے ہے۔ یہ انسانیت نواز عمل کے میدان میں قافلہ سالار تنظیموں کے ساتھ شراکت کو جدید خطوط پر استوار کررہا ہے۔ یہ دنیا کے ہر علاقے سے اٹھنے والی امداد کی اپیل پر لبیک کہنے کو اپنی پہچان بناچکا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭