’’رہائشی اسکیم کے نام پر لوگوں کوبیوقوف بنانے والا جعلساز گرفتار
نئی دہلی۔۔۔ دہلی پولیس نے تقریباً2ہزار لوگوں سے کروڑوں روپے اینٹھنے والے چالبازکوگرفتارکرلیا۔ اس نے ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کے نام پر غریبوں کو بیوقوف بناکر3 کروڑ سے زائد رقم ہتھیا لئے۔ راجندر کمار ترپاٹھی کا تعلق اتر پردیش کے ضلع گورکھپور سے ہے ۔ وہ دہلی میں واقع نہرو پلیس میں اپنا آفس چلا رہا تھا اور فرید آباد میں مقیم تھا۔ ’’نیشنل ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن‘‘ کے نام سے ٹرسٹ قائم کئے ہوئے تھا۔ ذرائع کے مطابق راجند نے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی بنا رکھی ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویرنظر آرہی ہے۔ ملزم کی شاطرانہ چال کو ناکام بناتے ہوئے دہلی پولیس نے بالآخر گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ راجندرگورکھپور کارہنے والا ہے اوروہ کامرس میں گریجویشن کئے ہوئے ہے۔ابتدا میں ایل آئی سی کے نام پر لوگوں کوبیوقوف بناتا رہا۔ اس سلسلے میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔جعلسازی کے انکشاف کے بعد اس نے اپنا کاروبار بند کرکے رہائش منصوبہ کے نام پردھودکہ دہی اور رہائشی منصوبوں کے ٹینڈر دلانے کیلئے 4کمپنیوں سے تقریباً ایک کروڑ روپے اینٹھ لئے۔ اس کیخلاف شکایت موصول ہونے پر کارروائی کرکے گرفتار کرلیاگیا۔