کویت میں مقیم تارکین کے بینک اکاؤنٹ کی رازداری ختم کرنے کا امکان
کویت۔۔۔۔ حکومت کویت نے اپنے یہاں بینکوں میں تارکین وطن کے کھاتوں کی رازداری ختم کرنے کا عندیہ دےدیا ۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ کویتی کابینہ کو ایک قانون کا مسودہ پیش کیاگیا ہے جس میں تارکین وطن کے کھاتوں کی تفصیلات پر مقرر رازداری ختم کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے اطلاع دی تھی کہ اسے حال ہی میں بینکوں کی جانب سے استفسار موصول ہوا جس میں پوچھا گیا ہے کہ کیا مطلوبہ معلومات کی فراہمی کا کوئی قانونی جواز ہے؟ بینکوں کا کہنا ہے کہ وہ قانونی بنیاد کے بغیر کسی بھی کھاتہ دار کی تفصیلات فراہم کرنے کے مجاز نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے ایسے قانون کا مسودہ تیار کرنے سے اتفاق کرلیا جس میں مخصوص طریقہ کار اختیار کرکے بینک تارکین وطن کے کھاتوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے مجاز ہوجائیں گے۔