Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینڈی مرے آسٹریلین اوپن کے پہلے راونڈ میں باہر

میلبورن: سابق عالمی نمبر ون برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے آسٹریلین اوپن کے پہلے ہی راونڈ میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے جبکہ دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راونڈ میں پہنچ گئے۔ 2019ءکے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے ابتدائی روز کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ میں شہرہ آفاق سوئس ا سٹار راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈینس ایسٹومن کو 3-6، 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر اگلے راونڈ میں جگہ بنائی۔کلے کورٹ کے شہنشاہ اور سابق عالمی نمبر ایک اسپین کے رافیل نڈال نے ڈک ورتھ کو 4-6، 3-6 اور 5-7 سے ہرا کر دوسرے راونڈ تک رسائی حاصل کی۔ جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈک نے برطانوی کھلاڑی کائل ایڈمنڈ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا جبکہ امریکہ کے ٹیلر فرٹز بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہے جنہوں نے کیمرون نوری کو شکست دی تاہم دن کی سب سے بڑی خبر برطانوی اسٹار اینڈی مرے کی شکست تھی جو سخت مقابلے کے باوجود فتح کے حصول میں ناکام رہے۔میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں اینڈی مرے کو پہلے 2 سیٹ میں اسپین کے روبرٹو بیٹسٹا کے ہاتھوں مات ہوئی جس کے بعد ان کا سفر ختم نظر آتا تھا لیکن سابق عالمی نمبر ون اسٹار نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹس میں ٹائی بریک پر فتح سمیٹ کر مقابلہ 2،2 سیٹ سے برابر کردیا، پانچویں اور آخری سیٹ میں اینڈی مرے 2-6 سے شکست کھا کر ایونٹ کے پہلے ہی راونڈ سے باہر ہو گئے۔ گزشتہ روز اینڈی مرے نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آسٹریلین اوپن ان کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: