Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج نیوم

سعود ی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
  نیوم تاسیسی کونسل نے ولی عہد ، نائب وزیراعظم و سربراہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت اجلاس کرکے کارناموںکی شاہراہ پر ایک اور کارنامے کا اضافہ کردیا۔”خلیج نیوم“ ماسٹر پلان کے تصور کی منظوری دیدی گئی۔ یہ نیوم منصوبے کا پہلا علاقہ ہوگا جسے آباد کیا جائیگا۔ یہ اپنے حجم، خصوصیات اور آمدنی کے حوالے سے بے نظیر منصوبہ ہے۔اس کے تعمیراتی و ترقیاتی پروگراموں کا بھی تعین ہوچکا ہے او رانکے نفاذ کا نظام الاوقات بھی ترتیب دیدیا گیا ہے۔ سال رواں کے اختتام تک یہاں بنیادی وسائل کا انتظام ہوچکا ہوگا۔ علاوہ ازیں موجودہ نیوم ہوائی اڈہ کمرشل ایئرپورٹ میں تبدیل ہوچکا ہوگا۔ خلیج نیوم کا پہلا مرحلہ 2020ءمیں مکمل ہوگا۔
اس تناظر میں سال رواں نیوم منصوبے کی تاریخ کا اہم موڑ بن جائیگا۔ خلیج نیوم تیار ہوجانے پر دنیا بھر کے اعلیٰ ذہن اسکا رخ کریں گے۔ یہاں نت نئے اقتصادی منصوبے شروع کریں گے۔ملکی ، علاقائی اور بین الاقوامی اہداف کی تکمیل میں حصہ لیں گے۔ نیوم منصوبہ ایک تمدنی منصوبہ ہے۔ اسکی بدولت دنیا بھر کے براعظموں سے مملکت کا رشتہ استوار ہوگا۔ عالمی سرمایہ کار یہاں پہنچیں گے۔سعودی وژن 2030کے مطابق آمدنی کے قومی ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا۔ یہاں زندگی کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل سائنس کا راج ہوگا۔ یہاں مستقبل کا نیامعاشرہ جنم لے گا۔یہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد علاقہ بنے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: