ریاض۔۔۔۔ قاہرہ پولیس نے معذور سعودی سیاح سے 30لاکھ ریال (14ملین مصری پونڈ) لوٹنے والے 2مصری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ مصری حکام نے اسکی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایک معذور سعودی سیاح قاہرہ کے النصر محلے کے ایک ہوٹل میں اقامت پذیر تھا۔ وہیل چیئر استعمال کررہا تھا۔ 2مصری نوجوان ہمدردی ظاہر کرکے اسکے قریب ہوگئے۔ سعودی سیاح سے کریڈٹ کارڈ لے لیا۔ اسکا خفیہ نمبر بھی معلوم کرلیا۔ انہوں نے اسکے اکاﺅنٹ سے 14ملین پونڈ سے زیادہ نکال لئے۔ واردات کرکے روپوش ہوگئے۔ مصری پولیس نے رپورٹ ملنے پر ہوٹل آنے والوں خصوصاً سعودی سیاح سے ملنے والوں کا ڈیٹا سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حاصل کرکے نوجوانوں کی نشاندہی کرلی اور انہیں گرفتار کرلیا۔ انہوں نے 15دن کے دوران 2بی ایم ڈبلیو گاڑیاں او رایک مرسڈیز 2775000پونڈ میں بک کرالیں۔ ایک سال کیلئے 2جیپیں رینٹ کے طور پر حاصل کرچکے تھے۔ ان میں سے ایک نے 17لاکھ 40ہزار اور دوسرے نے 914ہزار پونڈ اپنے اکاﺅنٹ میں جمع کرادیئے تھے۔ دونوں نے سونے اور ہیرے کے سیٹ بھی خریدے تھے۔