کرناٹک میں سیاسی ناٹک ، کانگریسی رکن اسمبلی اسپتال میں داخل؟
بنگلورو۔۔۔۔کرناٹک میں سیاسی ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ ریزارٹ میں ٹھہرے ہوئے کانگریس ارکان اسمبلی کے مابین مارپیٹ کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب رکن اسمبلی آنند سنگھ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن کے سر پر جے این گنیش نے شیشے کی بوتل دے ماری تھی ۔ اتوار کو ڈی کے شیو کمار نے رکن اسمبلی آنند سنگھ اور جے این گنیش کے درمیان ہونیوالی لڑکائی کی خبروں کو بے بنیاد قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ے تمام کانگریسی ارکان اسمبلی متحدہ ہیں ۔ کرناٹک میں قائم مقام وزیر اعلیٰ جی پرمیشور نے کانگریس رکن اسمبلی آنند سنگھ اور گنیش کی لڑائی کے بارے میں بتایا کہ مجھے اس بارے میں علم میڈیا کے ذریعے ہوا۔ڈی کے شیوکمار کے بھائی ڈی کے سریش نے اسپتال جانے کے سلسلے میں کہا کہ مجھے لڑائی کے بارے میں علم نہیں البتہ آنند سنگھ سینے میں درد کی شکایت ہونے پر اسپتال میں داخل ہیں۔بی جے پی رکن اسمبلی آر اشوک نے کہا کہ ڈی کے شیوکمار اور ڈی کے سریش لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں ۔ اپولو اسپتال کے ڈاکٹروں کو اس سلسلے میں وضاحت کرنی چاہئے کہ آنند سنگھ سینے میں در کی وجہ سے زیر علاج ہیں یا پھر کسی اور وجہ سے۔ پولیس اس سلسلے میں نوٹس لیکر واقعہ کی تحقیقات شروع کرے۔