گجرات : 27جنوری کوہاردک پٹیل کی شادی
احمد آباد۔۔۔گجرات کے پاٹیدار انامت اندولن کمیٹی کے سربراہ ہاردک پٹیل27جنوری کو رشتہ ازدواج سے منسلک ہونگے۔ پٹیل نے اپنی منگیتر اور بچپن کی دوست کنجل پاریکھ کو زندگی کا ہمسفر چن لیا ہے۔ شادی کا اہتمام گجرات کے ضلع سریندر کے دگسار گاؤں میں کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاردک نے شادی کی تقریب کو انتہائی سادگی سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔شادی میں تقریباً100افراد کو دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے ۔ اس میں دونوں خاندان کے قریبی رشتے دار شرکت کرینگے۔یہ شادی پٹیل رسم ورواج کے مطابق انجام دی جائیگی۔ہاردک پٹیل کی جانب سے شادی کے اعلان کے بعد تمام افواہیں دم توڑ گئیں جن میں منگنی کے ٹوٹنے کی باتیں کہی جارہی تھیں۔ہاردک کے والد بھارت پٹیل نے بتایا کہ ہاردک اور کنجل احمد آباد کے چاندنی نگر گاؤں میں ایک ہی علاقے میں رہتے تھے اور بچپن سے ہی ایک دوسرے کو جانتے پہچانتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ کنجل اکثر ہاردک کے گھر آتی جاتی تھی ۔وہ ہاردک کی بہن مونیکا کی کلاس فیلو تھی۔ بھارت پٹیل نے کہا کہ بنیادی طور پر کنجل کے خاندان کا تعلق سورت سے ہے لیکن چند سال قبل وہ لوگ ویرام گام آگئے تھے۔