پاک آسٹریلیا سیریز میں 2ٹیسٹ ڈے /نائٹ ہونے کا امکان
سڈنی:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلی ڈے /نائٹ ٹیسٹ سیریز کا امکانات پیدا ہو گئے ہیں اور نومبر2019ءمیںپاکستانی ٹیم کے دورہ آسٹریلیاکے دوران 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز مصنوعی روشنی میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔پاکستانی ٹیم نے نومبر میں آسٹریلیا جا کر 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں، جس کیلئے آسٹریلوی بورڈ کرکٹ آسٹریلیا اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ دونوں ٹیسٹ مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائیں۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سیزن میں ایک ٹیسٹ مصنوعی روشنیوں میں ہوتا ہے جو ایڈیلیڈ یا برزبن میں کھیلا جاتا ہے تاہم اب ان مقامات پر مجوزہ سیریز کے دونوں میچز کو ڈے اینڈ نائٹ کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اگرایسا ہوجاتا ہے توپھر یہ پہلی بار ہوگا کہ مکمل ٹیسٹ سیریز ڈے /نائٹ ہوگی ۔آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے پاکستان کیخلاف پہلی ڈے /نائٹ ٹیسٹ سیریز کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کے خلاف دونوں ٹیسٹ ڈے /نائٹ کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز کے دونوں میچز ایڈیلیڈ اور برسبین میں کرائے جانے کی تجویز ہے جہاں 2015ءسے مہمان ٹیم کو سیریز کا ایک ٹیسٹ ڈے /نائٹ کھلایا جاتا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون روبرٹس کا کہنا ہے کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ ان میں سے کوئی بھی ایک وینیو لازمی طور پر ایک ڈے/ نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ یاد رہے کہ گلابی گیند سے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ مسلسل 3سال سے کامیابی کے ساتھ منعقد کرائے جارہے ہیں لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے رواں سالہونے والے دورے میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔جس کے لئے ہندوستانی ٹیم کی نا تجربہ کاری کا بہانہ بنایا گیا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں