سپریم کورٹ: خدیجہ صدیقی کا کیس سماعت کےلئے مقرر
اسلام آباد: لندن کی لا یونیورسٹی میں بار ایٹ لا کی طالبہ خدیجہ صدیقی کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ اسلام آباد میں 23 جنوری کو مقرر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 3 رکنی بنچ کی سربراہی کریں گے۔ اس حوالے سے خدیجہ صدیقی یونیورسٹی سے چھٹی لے کر پاکستان آنے کےلئے روانہ ہو گئی ہیں۔ خدیجہ صدیقی نے سپریم کورٹ میں سماعت مقرر ہونے پر کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ کیس ہے، حملہ آور کو سزا ملنے سے خواتین پر تشدد روکنے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ خدیجہ صدیقی پر مئی 2016ءمیں ملزم شاہ حسین نے خنجر کے 23 وار کئے تھے۔ مقدمے میں مجسٹریٹ کورٹ نے شاہ حسین کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس پر سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی اور سیشن کورٹ نے مجسٹریٹ کورٹ کی 7 سالہ سزا کو کم کرکے 5 سال کردیا تھا۔ بعدازاں خدیجہ صدیقی کو زخمی کرنے والے ملزم شاہ حسین کو لاہور ہائیکورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیا تھا۔ واضح رہے کہ خدیجہ حملہ کیس کا ملزم شاہ حسین، ایڈوکیٹ تنویر ہاشمی کا بیٹا ہے جس کے خلاف اقدام قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔