ہاتھرس: پانی کی خاطر 50نوجوان خود کو نیلام کرنے کیلئے تیار
ہاتھرس۔۔۔۔اتر پردیش کے ضلع ہاتھرس کے گاؤں نگلا مایا میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ ہزارکوششوں اور شکایات کے باوجود محکمہ آب کے اہلکاروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔اب گاؤں کے50نوجوانوں نے یوم جمہوریہ کے موقع پر خود کو نیلام اور بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونیوالی رقم سے گاؤں والوں کو پانی فراہم کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ گاؤں میں پانی کا مناسب بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے تقریباً3لاکھ افراد پریشانی سے دوچار ہیں۔گاؤں والوں نے پانی کی قلت کی شکایت صدر جمہوریہ سے بھی کی لیکن وہاں سے بھی اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ایم بی اے کی ڈگری رکھنے والے نوجوان چندرپال سنگھ نے بتایا کہ وہ خود کو نیلام کرنے کیلئے اس مہم میں شریک ہے۔اس نے کہا کہ میں اپنے گھر کا اکلوتا بیٹا ہوں ، فریدآباد میں ملازمت کررہا تھا ، والدین گاؤں چھوڑ کر فرید آباد جانے کیلئے تیار نہیں، گاؤں میں پانی کا کوئی بندوبست نہیں ۔70سالہ والد 3کلو میٹر دور پیدل چل کر پانی لاتے ہیں۔یہ حالت دیکھ کر بالآخر مجھے ملازمت چھوڑنا پڑی۔ڈسٹرک مجسٹریٹ نے بتایا کہ انتظامیہ نےنگلامایا اور راج نگر سمیت 61گاؤں میں پانی کا مناسب بندوبست کرانے کیلئے 2تجاویزحکومت کو ارسال کردیں ۔ بجٹ منظور ہوتے ہی علاقے میں فراہمی آب کے منصوبے نافذ کردیئے جائیں گے۔