حلق میں پھنسا نوالہ کیسے نکالیں ؟
بعض افراد کوبہت تیزی سے کھانے کی عادت ہوتی ہے اور وہ نوالہ اچھی طرح چبائے بغیر ہی حلق سے اتارنے کی کوشش کرتے ہیں . اس جلد بازی میں بعض اوقات کوئی بڑا نوالہ حلق میں پھنس جاتا ہے جس کے سبب دم گھٹنے لگتا ہے اور سانس میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے . ایسی صورت میں باتھ روم میں بھاگنے اور کھانس کھانس کر برا حال کرنے کے بجائے لوگوں کےدرمیان رہیں کیونکہ وہ پھنسا نوالہ نکالنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں . اگر آپ کسی کو اس مصیبت میں مبتلا دیکھیں تو ہیملچ طریقہ کار کے ذریعے اسے اس تکلیف سے نجات دلانے کی کوشش کریں . یہ طریقہ کار بہت سادہ ہے . متاثرہ شخص کے پیچھے کھڑے ہو اپنے ایک ہاتھ کی ہتھیلی کی مٹھی بنا کر پیٹ کے ذرااوپری حصے پررکھیں اور دوسرےہاتھ کومٹھی پر رکھ کر پیٹ کو اندر کی جانب دبا کر اوپر جھٹکا دیں . اس طرح دو تین جھٹکوں کے بعد نوالہ منہ سے نکل آتا ہے . اگر کوئی مدد گار موجود نہ ہوتومتاثرہ شخص خود بھی چند احتیاطی تدابیر اختیار کر کے پھنسے نوالے کو منہ سے نکال سکتا ہے . اپنے پیٹ کے اوپری حصے کو میز ، کرسی یا صوفے کی کونے پر ٹکا کر زور سے آگے کی جانب جھکیں . اس طرح نوالہ باہر آجاتا ہے . چھوٹے بچوں اور حاملہ خواتین پر یہ طریقے آزمانا درست نہیں . انہیں فورا ً اسپتال منتقل کریں ۔