ریاض۔۔۔ 2018ءکے دوران سعودی عرب میں مکانات کے کرایوں میں 7.9 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ 2017ءمیں 0.6 فیصد کمی ہوئی تھی۔ اس طرح مسلسل دو برسوں کے دوران کرایوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ الاقتصادیہ کے ماہرین نے کرایوں میں کمی کے اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پلاٹس اور مکانات کی طلب میں کمی ہورہی ہے اور رسد بڑھی ہوئی ہے۔ سعودائزیشن پالیسی پر عملدرآمد کے باعث لاکھوں تارکین وطن مملکت سے رخصت ہوگئے ہیں اس وجہ سے بہت سارے مکانات خالی ہوگئے ہیں۔ 2018ءکے دوران مکانات کی تعداد میں اوسطاً 2.5 فیصد کا اضافہ ہوا یہ 2013 ءسے لے کر اب تک 5 برس کے دوران ریکارڈ تناسب ہے۔ دوسری جانب محکمہ شماریات نے توجہ دلائی ہے کہ تمباکو کے نرخوں میں 24.9 فیصد، ٹرانسپورٹ 10.7 فیصد، ریستورانوں اور ہوٹلوں میں 7.4 فیصد، خوراک و مشروبات 6.4 فیصد اور صحت میں 3.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔